ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وادی کشمیر کے کچھ علاقوں میں حالات معمول کی طرف لوٹ رہے ہیں 

وادی کشمیر کے کچھ علاقوں میں حالات معمول کی طرف لوٹ رہے ہیں 

Fri, 18 Nov 2016 12:59:57    S.O. News Service

سری نگر ، 17؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سری نگر کے کچھ حصوں میں آج کچھ دکانیں کھلیں اور کچھ عوامی گاڑیاں بھی چلتی دکھائی دیں ۔اس درمیان نوٹ بند ی کی وجہ سے یہاں کے بینکوں میں بھی ملک کے دیگر مقامات کی طرح عوام کی زبردست بھیڑ دیکھی گئی ۔دو ہفتے پہلے مظاہرین کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں زخمی ایک بزرگ کی یہاں اسپتا ل میں موت سے کشمیر میں حالیہ تشدد میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 86تک پہنچ گئی ہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ 2؍نومبر کو سورا کے انچر علاقے میں 70سالہ غلام محمد خان سیکورٹی دستوں کی فائرنگ میں زخمی ہو گئے تھے، آج صبح اسپتا ل میں ان کی موت ہو گئی۔سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں جولائی میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد وادی میں آج 132ویں دن بھی معمولات زندگی متاثر ہے۔حکام نے بتایا کہ علیحدگی پسندوں کی ہڑتال کے اعلان کی وجہ سے سری نگر اور دیگر ضلع ہیڈ کوارٹرں میں دکانیں، پٹرول پمپ اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت بورڈکے سالانہ امتحانات ہو رہے ہیں، جبکہ بدامنی کی وجہ سے یہاں کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے تعلیمی امور پر اثرپڑا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ سول لائنس اور شہر کے بیرونی علاقوں اور وادی کے کچھ دوسرے شہروں میں عوامی گاڑیوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں کچھ دکانیں بھی کھلی رہیں، اس کے علاوہ سری نگر سے وادی کے دیگر حصوں کے درمیان چلنے والی بین ضلع کیب بھی چلتی نظر آئیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹی آرسی چوک-بٹمالو سے شہر کے مرکزی حصے میں واقع لال چوک تک جانے والے راستوں میں کئی دکانداروں نے اپنی دوکانیں لگائیں،اس کے علاوہ پوری وادی کے بینک بھی کھلے رہے اور یہاں عوام کی زبردست بھیڑ دیکھی گئی ۔وانی کی موت کے بعد احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے والے علیحدگی پسندوں نے ہفتہ اور اتوار کو اپنا احتجاجی پروگرام ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔8 ؍جولائی کے بعد پہلی بار پورے دن کی مخالفت پروگرام روکا گیا ہے۔


Share: